یانگون (میانمار)،13فروری(ایجنسی) میانمار میں حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس امر کی تحقیقات کرے گی کہ آیا پولیس نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا ہے۔ اس سے قبل سرکاری ذمے داران نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں مذکورہ مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد کے خلاف مظالم کے ارتکاب سے متعلق دعوؤں کا جائزہ لیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کے زیر انتظام انسانی حقوق کے دفتر نے رواں ماہ ایک رپورٹ میں بتایا تھا کہ میانمار میں سکیورٹی فورسز نے اجتماعی قتل اور
عصمت دری کے جرائم کا ارتکاب کیا جو غالب گمان حد تک انسانیت کے خلاف جرائم اور ممکنہ طور پر نسلی تطہیر تک پہنچ چکے ہیں۔
اس سے قبل میانمار راخین صوبے میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق تمام دعوؤں کا انکار کرتا رہا ہے۔ اس صوبے میں روہینگا مسلم اقلیت سے تعلق رکھنے والے افراد کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے۔
گزشتہ ہفتے فوج نے کہا تھا کہ وہ ایک ٹیم تشکیل دے گی جو سکیورٹی فورسز کی جانب سے مظالم کے ارتکاب سے متعلق دعوؤں کی تحقیقات کرے گی۔